وازیر اعظم کی درخواست پر مسجد نبوی میں ہنگامہ کرنے والے رہا، عمران کا کھیل خطرناک:شہباز شریف


اسلام آباد؍ ریاض (خبر نگار خصوصی+ ممتاز احمد بڈانی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی خطرناک کھیل کھیل رہا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران نیازی ارشد شریف کے المناک قتل کو معمولی سیاست کیلئے استعمال کر رہا ہے۔ عمران نیازی خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، ریاستی اداروں پر الزامات لگانے کی حد تک جا رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ وہ بے بنیاد الزامات کا سہارا لینے کے بجائے صبر سے کام لے اور جوڈیشل کمشن کے نتائج کا انتظار کریں، ایک دوسرے ٹوئٹر بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ میں سعودی  ولی عہد محمد بن سلمان کا تہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے میری درخواست پر سعودی عرب میں اپریل 2022ء کے واقعے پر گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ایک دوسرے کی غلطیوں پر درگزر کرنے والا بہتر مسلمان بنائے۔ قبل ازیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے مسجد نبویﷺ میں ہنگامہ آرائی کے الزام میں قید تمام پاکستانیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے اپریل 2022ء کے واقعے پر گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کیلئے شہزادہ محمد بن سلمان سے درگزر سے کام لینے کی درخواست کی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا اللہ تعالی آپ کو اس کا اجر عطا فرمائے۔ مدینہ منورہ کی عدالت نے تین پاکستانیوں کو 8 سال اور تین کو 6 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ خواجہ لقمان، محمد افضل، غلام محمد کو 8 سال اور انس، ارشد اور محمد سلیم کو 6 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ایک اور پاکستانی طاہر ملک کو بھی تین سال قید اور 10 ہزار ریال جرمانہ کیا گیا تھا۔ دریں اثناء وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف  نے  بدھ کو  وفد کے ہمراہ  مسجد الحرام میں عمرہ ادا کیا۔ وزیراعظم آفس  میڈیا و نگ کے مطابق وزیراعظم نے اس موقع  پر ملک میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعائیں کیں۔ وزیراعظم شہباز شریف  اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران  مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کے لئے جدہ پہنچے تو گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جوالی نے  ان  کا  ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے مسجد نبویؐ میں حاضری بھی دی، نماز ادا کی۔ وزیراعظم کو روضہ رسولؐ کی زیارت خاص کرائی گئی۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا تین روزہ دورہ کر کے واپس وطن پہنچ گئے۔ وزیراعظم کے دورے میں سعودی ولی عہد سے ملاقات کی فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس میں بھی شرکت کی۔  مزید برآں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا واحد حل کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے ہے۔  5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام سے صورتحال مزید بگڑ گئی ہے۔ تمام تر مشکلات کے باوجود بہادر کشمیری بے مثال قربانیوں کے ذریعے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں، ہم کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کا جائز حق ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ یوم سیاہ کشمیر کے موقع پراپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج بوجھل دل کے ساتھ ہم کشمیر کے حوالہ سے ایک اور یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ گزشتہ تین سالوں میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں تقریباً690 بے گناہ کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل کیا گیا  ہے۔ ممتاز حریت رہنما غیر قانونی طور پر زیر حراست یا گھروں میں نظر بند ہیں۔ بھارت آبادی کے تناسب میں تبدیلی کیلئے قابل مذمت اقدامات کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر تمام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیلئے میرا پیغام ہے۔ پاکستان ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ جب تک حق خودارادیت کا جائز حق نہیں مل جاتا اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...