اسلام آباد( نامہ نگار ) ہلال احمر پاکستان کی تمام برانچیں مستعدی سے انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں،استعداد کار بڑھانے اور سروسز کی فراہمی میں جدت لانے کے لئے تمام وسائل برائے کار لائے جائیں گے۔ہلال احمر دکھی انسانیت کا پشت بان ہے۔کمزور صلاحیتوں کی حامل آبادیوں کی مدد ہلال احمر کا طرہ امتیاز ہے۔ان خیا لات کا اظہار چیئرمین ہلال احمر سردار شاہد احمد لغاری نے گلگت بلتستان برانچ کے چیئرمین بریگیڈئیر(ر) سلیم محمود اور سیکرٹری عمران رانا کی نیشنل ہیڈ کوارٹرز آمد،ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر بریگیڈئیر(ر)سلیم محمود نے سردار شاہد احمد لغاری کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سردار شاہد احمد لغاری نے یقین دھانی کرائی کہ تمام برانچیں ہلال احمر نیشنل ہیڈ کوارٹرز کی دست وبازو ہیں۔انہیں فعال،مستحکم اور متحرک بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔بریگیڈئیر(ر)سلیم محمود نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ گلگت بلتستان کے گھرانوں کی بر وقت مدد اور رضاکاروں کی جانفشانی سے متعلق تفصیل سے بتایا۔ نیشنل ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے فرسٹ ایڈ پروگرام سمیت دیگر پروگراموں کے شروع کرنے کا بھی عندیہ دیاگیا۔گلگت بلتستان برانچ کے چیئرمین بریگیڈئیر(ر)سلیم محمود اور سیکرٹری عمران رانا کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔