بلدیاتی قانون سازی کو خواہشات پر نہیں چھوڑا جاسکتا ہے،محفوظ النبی خان، اسلم فاروقی 

Oct 27, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر)سندھ لوکل گورنمنٹ سے متعلق قانونی مسودہے کو حتمی منظوری سے قبل رائے عامہ کے لئے مشتہر کیا جائے۔ مقامی حکومتوں کے نظام کا براہ راست تعلق عوام کی بنیادی سطح سے ہوتا ہے ان تاثرات کا اظہار کراچی سٹیزن کونسل کے سربراہ محفوظ النبی خان و جنرل سیکرٹری اسلم خان فاروقی نے ایک بیان میں کیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی اداروں سے متعلق قانون سازی کو محض چند سیاسی پارٹیوں کی خواہشات پر نہیں چھوڑا جاسکتا ہے کراچی نہ صرف سندھ کا صوبائی دارالحکومت و قائد اعظم کا شہر ہے بلکہ ملکی معیشت کا حب اور آبادی کے لحاظ سے ایک بڑا شہر ہے جس کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کے لئے با اختیار لوکل گورنمنٹ نا گزیر ہے جس کا ادراک سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں بھی کیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑی ستم ظریفی ہے کہ سندھ حکومت کے پاس وفاقی دارالحکومت کے نظم و ضبط کے لئے تو ہزاروں کی تعداد میں پولیس نفری موجود ہے لیکن کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات کے لئے نفری کا فقدان ہے انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کنٹرول کا شعبہ ماضی میں جس طرح بلدیہ عظمی کراچی کے ماتحت تھا اس کو اسی شکل میں بحال کرکے کراچی کی عوام کی امنگوں کا احترام کیا جائے۔
اسلم فاروقی 

مزیدخبریں