کراچی (نیوز رپورٹر ) شہریوں کو جعلی میگا اور مینول پلیٹ لیٹس کی فروخت کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا۔ سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی جانب سے جعلساز گروہ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی جانب سے 2گرفتاریاں جناح اسپتال میں کی گئیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جعلی میگا یا مینول پلیٹ لیٹس سے مریض صحت یاب ہونے کے بجائے موذی امراض میں مبتلا ہوسکتا ہے۔ جعلی میگا اور مینول پلیٹ لیٹس کی خریداری کی آڈیو ریکارڈنگ بھی محفوظ ہے۔ آڈیو ریکارڈنگ میں جعلساز گروہ کی گفتگو میں کہنا تھا کہ بغیر ڈونر کے 32ہزار میں میگا پلیٹ لیٹس فراہم کردیں گے بلڈ سیمپل کے ساتھ پیشگی ادائیگی کریں، پلیٹ لیٹس اسپتال لاکر دیں گے۔ ڈاکٹر در ناز ڈائریکٹر سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پاک بلڈ بینک رجسٹرڈ بلڈ بینک کی فہرست میں شامل نہیں ہے محکمے کو جعلی میگا اور مینول پلیٹ لیٹس فروخت کرنے والوں کی تلاش تھی ملزمان نے گھوسٹ بلڈ بینک کے کارڈز اور فارم بھی چھپوائے ہوئے تھے۔