لاہور ( نوائے وقت رپورٹ )افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار میں مجموعی طور پر 446 نوجوان کیڈٹس کو تربیت مکمل ہونے کے بعد قومی پولیس فورس میں بھرتی کر لیا گیا ہے۔تربیتی مرکز کے کمانڈر قاری رحمت اللہ نے بتایا کہ چھ ہفتے کے تربیتی کورس کے دوران نئے پولیس اہلکاروں کو عوام سے برتاو ، ہتھیاروں کا استعمال ، معاشرے میں امن و امان کے نفاذ کا طریقہ کار سکھایا گیا، مزید بتایا کہ نئے فارغ التحصیل ہونے والے پولیس اہلکاروں کو مشرقی ننگرہار اور ہمسایہ صوبوں لغمان، کنڑ اور نورستان میں تعینات کیا جائیگا۔وزارت داخلہ کے امین جان فتح اللہ نے کہا کہ گزشتہ سال اگست میں طالبان کے زیرانتظام نگران حکومت کے قیام کے بعد سے ملک کے 10 پولیس تربیتی مراکز سے 50 ہزار سے زائد پولیس اہلکار فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔
اہلکار کے مطابق پولیس اہلکاروں کی تربیت کا عمل تب تک جاری رہے گا جب تک جنگ زدہ ملک میں پولیس اہلکار اپنے شعبہ کے ماہر نہیں بن جاتے۔وزارت داخلہ کے مطابق 438 پولیس اہلکاروں پر مشتمل ایک اور دستہ چند روز قبل جنوبی صوبہ ہلمند کے پولیس تربیتی مرکز سے فارغ التحصیل ہوا ہے۔
افغانستان میں 446 کیڈٹس کی تربیت مکمل ، پولیس فورس میں شامل
Oct 27, 2022