باباگورونانک جنم دن تقریبات، انتظامات، سکیورٹی پلان کی منظوری


لاہور ( نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر کے اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ اور متعلقہ افسروں نے بھی شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی نے سکھ مت کے بانی بابا گورونانک جی کے 553 ویں جنم دن کی تقریبات کے انتظامات اور سکیورٹی پلان کی منظوری دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بھارت سے 3 ہزار اور اندرون ملک سے 10 سے 15 ہزار سکھ اور ہندو یاتری جنم دن کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ بابا گورو نانک جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب 8 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوگی۔ یاتریوں کی آمد 6 نومبر سے شروع ہو جائے گی اور یہ لوگ مذہبی رسوم کی ادائیگی کے لئے فاروق آباد، لاہور، ایمن آباد، حسن ابدال اور کرتار پور صاحب بھی جائیں گے۔ کابینہ کمیٹی نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے)کو نئے آلات کی خریداری کے لئے اضافی گرانٹ کی درخواست سالانہ سپلیمنٹری بجٹ میں شامل کرانے کی ہدایت کی جبکہ کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف آپریشن کے لئے اضافی فنڈز کی فراہمی پر بھی غور کیا۔


 صوبائی وزیر راجہ بشارت نے کہا کہ کچے کے علاقے میں دو اضلاع رحیم یار خان اور راجن پور سے 1675 پولیس نفری تعینات کی گئی ہے۔ پنجاب پولیس نے کابینہ کمیٹی سے حالیہ ضمنی انتخابات کے اخراجات کی منظوری کی درخواست کی جس پر کمیٹی نے موقف اختیار کیا کہ اس فورم میں صرف ہنگامی نویت کے اخراجات منظوری کے لئے پیش کئے جا سکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن