اسلام آ باد ( نوائے وقت رپورٹ) چین کی جانب سے 300,000 یوآن مالیت کی انسانی امداد کی ایک کھیپ پاکستان بھیج دی گئی ،امدادی سامان سمندری راستے سے کراچی پورٹ پہنچے گا۔چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنا گوانگ شی برانچ کی طرف سے عطیہ کردہ سامان 4,286 کمبلوں پر مشتمل ہے جو پاکستان میں سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنا گوانگ شی برانچ کے ایگزیکٹو وائس چیئرمین وانگ لی نے قدرتی آفت سے متاثرہ پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گوانگ شی کے لوگوں کی طرف سے عطیہ کردہ سامان ان کی مشکلات پر قابو پانے میں مدد کر سکتا ہے۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جلد بحالی کی بھی خواہش کی۔چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق چین میں پاکستانی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف احمد فاروق نے آن لائن تقریب میں شرکت کی اور گوانگ شی کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ یہ سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آف پاکستان وصول کرے گا۔
چین کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے 300,000 یوآن مالیت کے امدادی سامان کا عطیہ
Oct 27, 2022