اورنگی ٹائون میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق30 سالہ عمار گھر کا واحد کفیل تھا‘ واردات کے بعد2 لٹیرے شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے


کراچی (نیوز رپورٹر )کراچی کی بے بس پولیس کے کھوکھلے دعوؤں نے اسٹریٹ کرمنلز کو لگام ڈالنے کے بجائے ان کے حوصلے مزید بلند کردیئے ۔ اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے 30سالہ عمار کو قتل کردیا گیا۔ مقتول دواساز کمپنی میں ملازم اور گھر کا واحد کمانے والا تھا۔ عمار کی موت پر غمزدہ اس کے دوست احباب نے شہر میں لوٹ مار کی بڑھتی وارداتوں کا ذمہ دار قانون نافذ کرنے والے اداروں کو قرار دیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک ڈاکو کو اپنی ہی گولی لگنے سے زخمی ہوکر زمین پرگرتے اورساتھیوں کو فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ واردات کے بعد فرار ہونے والے دو لٹیرے شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے جنہیں شہریوں نے تشدد کرکے مارڈالا۔ خیال رہے کہ کراچی میں صرف اکتوبر کے دوران10شہری ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوچکے لیکن ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کو تسلیم کرنے پر کسی صورت تیار نہیں ۔ کراچی میں گزشتہ ماہ بھی ڈکیتی مزاحمت 12شہریوں کو قتل کیا جاچکا ہے جبکہ رواں سال کے 10ماہ کے دوران 85شہری لوٹ مار کے دوران اپنے پیاروں کو روتا چھوڑ کر جاچکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن