لاہور(سپورٹس رپورٹر)ٹی 20 ورلڈ کپ میںآج جمعرات کو تین میچز کھیلے جائینگے۔پہلے میچ میں جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں سڈنی میں صبح آٹھ بجے مدمقابل ہونگی ۔ بھارت اور نیدرلینڈز کی ٹیموں کے درمیان میچ دن 12 بجے سڈنی میں ہی شروع ہوگا۔ پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان میچ پرتھ میں شام چار بجے کھیلا جائیگا۔ پاکستان ٹیم کے 8 کھلاڑیوں نے پرتھ سٹیڈیم میں آپشنل ٹریننگ سیشن کیا۔ کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاہنواز دہانی، فخر زمان، عثمان قادر، محمد حارث، محمد حسنین اور خوشدل شاہ نے ٹریننگ سیشن میں شرکت کی۔ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق، بائولنگ کوچ شان ٹیٹ اور بیٹنگ کوچ محمد یوسف بھی موجود تھے۔پاکستان ٹیم کا آپشنل نیٹ سیشن ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا جبکہ قومی ٹیم نے رات کے وقت دوبارہ پریکٹس کی۔پاکستان ٹیم کے آل رائونڈر افتخار احمد نے کہا ہے کہ ناقدین کو کیا بولوں میرے پاس تو جواب نہیں ہے، ہر کھلاڑی کا اپنا انداز ہوتا ہے، آپ کسی کو نہیں بتا سکتے کہ کیسے کھیلنا ہے۔ بڑی ٹیموں کیخلاف سکور کر کے مورال بلند ہوتا ہے، اس اعتماد کو آگے لے کر جانا ہے، ہر میچ ایک نیا میچ ہوتا ہے، ہر میچ میں کوشش ہوتی ہے کہ اپنا سو فیصد دیں اور ٹیم کو جتوائیں۔ ہارنے کے بعد فطری طور پر دل ناراض اور دکھی ہوتا ہے، جس طرح کپتان اور مینجمنٹ نے سپورٹ کیا ہے اس سے اعتماد ملا ہے۔
حارث رئوف نامی گرامی بائولر ، امید ہے اچھی بائولنگ کریگا، زمبابوے بھی انٹرنیشنل ٹیم ، اس کیخلاف ایسا ہی کھیلنا جیسا کسی اور کیخلاف کھیلنا ہے، کوشش کریں گے کہ پورے اعتماد کیساتھ کھیلیں۔ مڈل آرڈر کے تمام کھلاڑی پاکستان ٹیم کیلئے رنز کرنے کیلئے بیتاب ہیں، لوگ کہتے ہیں کہ میں سوئپ نہیں مارتا، اس بار پریکٹس کررہا ہوں، اندازہ ہے کہ یہاں کی کنڈیشنزمیں سوئپ اور ریورس سوئپ کام آئیگا۔ تنقید کو ہمیشہ مثبت لیتا ہوں، اپنی ذمہ داری کے مطابق ڈیلیور کرنے کی کوشش کرتا ہوں، ہر ٹیم اور ہر دن الگ ہوتا ہے، کوشش کریں گے کہ یہاں بھی اچھا پرفارم کریں، کپتان نے ہر کھلاڑی کو بھرپور اعتماد دیا ہوا ہے۔ افتتاحی میچ میں روایتی حریف بھارت کیخلاف شکست کے بعد تاحال ’دل شکستہ‘ اور افسردہ ہے۔ میچ میں پاکستان کے پاس مزید غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ افسوس کے باجود ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ کھلاڑی کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش ہیں۔