بیجنگ (کامرس ڈیسک) چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کا سازگارماحول اور مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے فریم ورک کے تحت پیش کی جانے والی پرکشش مراعات سے فائدہ اٹھائیں اور پاکستان کو اپنی سرمایہ کاری اور کاروبار کا مرکزبنائیں۔انہوں نے پاکستانی سفارتخانے میں منعقدہ چین پاکستان تجارتی اور صنعتی تعاون کے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو اعلیٰ سطح پر خصوصی توجہ اور اہمیت دی جاتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تقریباً ہر شعبے میں تعاون قائم ہے لیکن حالیہ دنوں میں تجارت، سرمایہ کاری، صنعت اور زراعت کے شعبوں میں تعاون پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔معین الحق نے کہا کہ پاکستان چین کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا براہ راست کلیدی ذریعہ ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان 2020 کے آغاز میں ہونے والے آزاد تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے تحت مصنوعات کی ایک دوسرے کی منڈیوں تک وسیع رسائی کی اجازت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت سے دو طرفہ تجارت میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا پانچواں سب سے بڑا آبادی والا ملک اور ایک بڑی منڈی ہے اور پاکستان کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں جو قوم سازی کے عمل کے ساتھ ساتھ ایک بہت پرکشش اور ہنر مند لیبر مارکیٹ میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے چینی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں کیونکہ یہ ملک نہ صرف چین کا ہمسایہ ملک ہے بلکہ اس کے جنوبی ایشیا، مغربی ایشیا اور وسطی ایشیا کے پڑوسی خطوں سے بھی گہرے روابط قائم ہیں۔انہوں نے فورم میں چینی کمپنیوں کی بڑی تعداد میں شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ محکمے تجارتی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے چینی تاجروں اور کمپنیوں کو مسلسل سہولیات فراہم کریں گے۔اس موقع پر چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کے چیئرمین ژانگ بائوذونگ نے فورم کے شرکاء کو پاکستان میں گوادر پورٹ، خصوصی اکنامک زون گوادر ایئرپورٹ اور دگر منصوبوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ غیر ملکی اور مقامی تاجروں کے لیے بے شمار فوائد کی حامل ہے۔ انہوں نے چینی کمپنیوں اور تاجروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول اور مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور خصوصی اقتصادی زونز اور دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ فورم کی میزبانی پاکستانی سفارتخانے، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل)، بیجنگ انوویشن الائنس (بی جے آئی اے) اور چین میں اکنامک اینڈ کمرشل قونصلرز الائنس نے کی۔
چینی کمپنیاں اور سرمایہ کار سی پیک فریم ورک کے تحت پیش کی گئی پرکشش مراعات سے فائدہ اٹھائیں، پاکستانی سفیر معین الحق
Oct 27, 2022