وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا مقبوضہ جموں و کشمیرمیں یوم سیاہ کے موقع پر پیغام جاری کیا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 27 اکتوبر کو بھارت نے بغیر کسی قانونی جواز کے ریاست جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کیا۔ کشمیر کا یوم سیاہ انسانی تاریخ کے ایک سیاہ باب ہے۔ 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری مظالم کے باوجود بھارت کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو توڑنے سے قاصر ہے۔ 75سال گزرنے کے بعد بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی ظلم و ستم کا شکار ہیں۔ مودی سرکار نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل کر کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی ہیں۔ بھارتی حکومت تمام انسانی حقوق کو بالا ئے طاق رکھ کر کشمیری عوام کی نسل کشی کررہی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ بین الاقوامی برادری کی جانب سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا انتظار کر رہے ہیں۔
چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ کشمیری بھائی کئی برس سے اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے استعمال کے لیے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔عالمی برادری کی تنازعہ کشمیر پر خاموشی معانی خیزاورمجرمانہ غفلت کے مترادف ہے۔ عالمی برادری کو کشمیریوں کے ساتھ ہونیوالے غیر انسانی سلوک پر اپنی آواز اٹھانی چاہیے۔ کشمیری انتظار کررہے ہیں کہ مسئلہ یوکرائن کی طرح ان کے حق میں بھی آواز بلند کی جائے۔ حالیہ عرصے میں بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ اضافی فوجیوں کی تعیناتی اور میڈیا اور مواصلات کے بلیک آؤٹ کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ عالمی برادری کے سامنے دنیا کی سب سے بڑی نام نہادجمہوریت کامکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ پاکستانی قوم کا دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ ہم آج مقبوضہ کشمیر کے نہتے بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں۔ حکومت اور عوام کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی،اخلاقی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ہم آج بحیثیت قوم بھارت کے غیر قانونی قبضے کی مذمت اور کشمیری عوام کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔