صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر تنازعہ جموں و کشمیر کے حل کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق میں ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا ۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے 27 اکتوبر 2022ء کو کشمیر پر یوم سیاہ کے موقع پر پیغام جاری کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ آج بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر پر ہندوستان کے غیر قانونی قبضے کے75 سال مکمل ہو چکے ہیں اور ہم گزشتہ ساڑھے سات دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے جاری مظالم کی مذمت کرنے اور حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں کو یاد کرنےکیلئے آج کے دن یوم سیاہ مناتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دن پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آزادی کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بے گناہ کشمیری مردوں، عورتوں اور بچوں کی کئی نسلوں نے بھارتی بربریت، خونریزی اور تشدد کے سوا کچھ نہیں دیکھا ہے اور 5 اگست 2019ء کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے گزشتہ تین سالوں میں صورتحال مزید خراب ہوئی ہے، ان اقدامات کی مدد سے بھارتی آئین کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں .لیکن ریاست جموں و کشمیر کی تقدیر کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کے تحت ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کی مدد سے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی کیا جائے گا۔