اسلام آ باد+قطر (خبر نگارخصوصی+نوائے وقت رپورٹ) قطر کی عدالت نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں بھارتی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کو سزائے موت سنا دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت نے قطر میں بھارتیوں کو سزائے موت ملنے کی تصدیق کر دی ہے۔ بھارت کا کہنا ہے کہ فیصلے کی تفصیلات کا انتظار ہے، معاملے کو قطری حکام کے ساتھ اٹھائیں گے۔ بھارتی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر کی کمپنی میں کام کرنے والے 8 بھارتی شہریوں کو قطر کی عدالت نے سزا سنائی ہے، فیصلے سے گہرے صدمے میں ہیں۔ عدالت کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، اس سلسلے میں تمام قانونی اقدامات کریں گے، مقدمے کی حساس نوعیت کی وجہ سے اس معاملے پر مزید کچھ نہیں کہہ سکتے۔ قطر میں کام کرنے والے بھارتی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں 2022 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی بحریہ کے یہ سابق اہلکار قطری بحریہ کے لیے ساز و سامان بنانے والی کمپنی میں کام کر رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق سزا پانے والے ملزمان میں بھارتی بحریہ کا سابق افسر کیپٹن نوتیج سنگھ گل، برندرہ کمار ورما، سورابھ وشست، کمانڈر امت نگپال، پریندو تواری، سگنا کرپکالا، سنجیو گپتا اور ملاح راجیش شامل ہے۔
اسرائیل کیلئے جاسوسی: قطری عدالت نے بھارتی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کو سزائے موت سنا دی
Oct 27, 2023