سلامتی کونسل اسرائیلی مظالم رکوانے میں ناکام، حل آزاد فلسطین، مسئلہ کشمیر طے ہونا باقی، پاکستان

Oct 27, 2023

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘ نوائے وقت پورٹ‘ نیوز ایجنسیاں) ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم رکوانے میں مکمل ناکام ہو چکی۔ مسئلہ کا حل القدس شریف دارالحکومت والی آزاد فلسطینی ریاست ہے۔ پاکستان فوری غیر مشروط جنگ بندی‘ غزہ پر بمباری روکنے کا حامی ہے۔ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے۔ مسئلہ کشمیر ابھی طے ہونا باقی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے یہاں گزشتہ روز پریس بریفنگ کے دوران مزید بتایا کہ فلسطین میں اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے نافذ کردہ اقدامات کو بھارت نے اپنے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مقبوضہ علاقے کی آبادیاتی نوعیت کو تبدیل کرنے کی صریح غیرقانونی کوششوں کے ساتھ نقل کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ فلسطینی عوام کی طرح جموں و کشمیر کے عوام بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدآمد کے منتظر ہیں۔ غیر قانونی مقیم لوگوں کو نکالنے کا فیصلہ ملکی سلامتی کیلئے کیا گیا۔ یکم نومبر سے غیر قانونی مقیم لوگوں کیخلاف پلان ایکشن میں آجائے گا۔ غیر قانونی افغان تارکین وطن کو واپس بھیجنے کا فیصلہ ملک کی سکیورٹی اور معیشت کی خاطر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی صرف افغان شہریوں کے لیے نہیں بلکہ تمام ممالک کے لیے ہے۔ یکم نومبر سے غیر قانونی تارکین وطن کو ڈی پورٹ یا گرفتار کیا جائے گا۔ دوست ممالک سے افغان شہریوں کو اپنے ملک لے جانے کی درخواست کی ہے۔ فلسطین کی صورتحال پر تشویش ہے۔ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ غزہ کے محاصرے کے باعث شہریوں کو خوراک، پانی اور ادویات کی کمی کا سامنا ہے۔ غزہ پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنے اسلحے کی ایکسپورٹ پروٹوکول کے تحت کرتا ہے۔ یوکرین کو کوئی اسلحہ فراہم نہیں کیا۔ ہمارے علم میں نہیں کہ یوکرین میں پاکستان کا بنا ہوا کون سا اسلحہ استعمال ہوا۔

مزیدخبریں