اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کے بیان پر کہا ہے کہ انتخابات ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں، پلان کے مطابق تیاریاں مکمل ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صدر مملکت کے انٹرویو کے دوران الیکشن کے انعقاد کے بارے میں بیان کی وجہ سے یہ تاثر گیا ہے کہ شاید الیکشن ملتوی ہو جائیں گے جب کہ ایسا نہیں ہے۔ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی پوزیش واضح کر چکا ہے حلقہ بندی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، اعتراضات دائر کرنے کا دوسرا مرحلہ آج27 اکتوبر 2023ءکو مکمل ہو جائے گا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی حلقہ بندی پر اعتراضات کی سماعت 30/31 اکتوبر سے شروع ہوگی، 30نومبر 2023ء کو الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع ہو جائیں گی،حلقہ بندی کی حتمی اشاعت کے بعد انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا جس میں کسی قسم کا ابہام نہیں۔