غزہ مصر واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) صیہونی فورسز نے خان یونس کے قریب فضائی حملہ کیا۔ 100 سے زائد عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ اسرائیلی بمباری میں 3 ہزار سے زائد فلسطینی بچے، سترہ سو خواتین شہید ہو چکے۔ اسرائیلی بمباری سے غزہ پٹی کے ہسپتال قبرستانوں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ اسرائیل نے 14 لاکھ فلسطینیوں کو ان کے اپنے ہی علاقوں سے بے دخل ہونے پر مجبور کیا۔ غزہ پٹی کے نصف سے زیادہ رہائشی علاقے مکمل تباہ ہو گئے۔ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے 20 ویں روز شہید فلسطینیوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری سے 481 فلسطینی شہید ہوئے۔ مجموعی طور پر اب تک 7028 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 2913 بچے اور 1709 خواتین شامل ہیں۔ 2005 کے بعد سے اب تک غزہ کو 5 بار اسرائیلی جارحیت کا سامنا ہوا ہے اور اس بار ہونے والی شہادتیں گزشتہ 18 سال میں سب سے زیادہ ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری سے زخمی ہونے والے شہریوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ اسرائیلی بمباری کے باعث 940 بچوں سمیت 1650 فلسطینی لاپتا ہیں۔ بیان کے مطابق امکان ہے کہ لاپتا افراد تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت سے اب تک 12 ہسپتال اور 57 طبی مراکز مکمل طور پر ناقابل استعمال ہوچکے ہیں۔ اسرائیل کی غزہ پر مسلسل 3 روز سے جاری بمباری میں آج ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا جس میں 30 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ شہید فلسطینیوں کی تعدادی 7 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ٹینکوں نے خان یونس میں ایک گھر کو نشانہ بنایا۔ وحشیانہ بمباری میں گھر مکمل طور پر مسمار ہو گیا اور درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ غزہ اور مغربی کنارے میں شہادتوں کی مجموعی تعداد سات ہزار سے تجاوز کر گئی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ رات زمینی حملے کیلئے بڑی تعداد میں اسرائیلی فوجی اور ٹینک جنوبی غزہ میں داخل ہوئے۔ اسرائیلی ریڈیو کا کہنا ہے کہ یہ زمینی کارروائی پہلے کی گئی تمام کارروائیوں سے بڑی ہے۔ اسرائیلی ٹینکوں نے جنوبی غزہ کے مختلف علاقوں میں گولہ باری کرکے متعدد رہائشی عمارتیں تباہ کر دیں۔ گولہ باری سے متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔ اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے گزشتہ روز جنوبی غزہ میں زمینی حملہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔ ایندھن کی کمی اور بجلی کی عدم فراہمی کے باعث صحت کا نظام مکمل طورپر تباہ ہو گیا ہے اور ہسپتالوں میں کام رک گیا ہے۔ روسی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے میزائل حملے میں غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں ایک گھر کو نشانہ بنایا جس سے 9بچوں سمیت 30شہری شہید اور 15 افراد زخمی ہو گئے۔ اقصیٰ ریڈیو کی ایک خاتون صحافی دعا اشرف غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق ہو گئی ہیں۔ اسرائیل نے ایک بار پھر فلسطینیوں کو غزہ خالی کرنے کی دھمکی دیدی۔ القسام بریگیڈ کی جانب سے راکٹ کے ذریعے غزہ سے 220 کلو میٹر دور واقع ایلات میں اسرائیل کی فوجی چھاﺅنی کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ غزہ سے فائر راکٹ اسرائیل کے علاقے قلقیلیہ کی بستی میں گرا جس کے نتیجے میں عمارت تباہ ہوگئی۔ روس کے صدر ولادی میر پوتین نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کی جنگ مشرق وسطی سے باہر تک پھیل سکتی ہے۔ کیونکہ یہ بات درست نہیں ہے، کہ معصوم عورتوں، بچوں اور بوڑھے فلسطینیوں کو دوسرے لوگوں کے جرم کی سزا دی جا رہی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر پوتین کریملن میں ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے پہلی بار اعتراف کیا ہے کہ انہیں حماس کے سات اکتوبر کو ہونے والے مہلک حملوں میں سامنے آنے والی سکیورٹی کوتاہیوں کے لیے جواب دینا پڑے گا۔ قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمان بن جاسم نے عالمی رہنماﺅں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے غزہ کی صورتحال کی ذمہ داری عالمی برادری پر ڈال دی۔ اپنے ایک بیان میں قطری وزیر اعظم نے کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال کی ذمہ دار عالمی برادری ہے۔ یوکرین میں پانی اور بجلی منقطع ہونے پر شور شرابا کرنے والے غزہ میں ہونے والے مظالم پر خاموش ہیں یہ ان کا دوہرا معیار ہے۔ عرب ممالک نے غزہ کی صورتحال پر مشترکہ مذمتی بیان جاری کر دیا۔ عرب ممالک نے کہا غزہ میں شہریوں کو نشانہ بنانے، بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ غزہ کے لوگوں کی جبری بیدخلی اور انہیں اجتماعی سزا دینے کی مذمت کرتے ہیں ۔ فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے بیان میں کہا ہے کہ غزہ تک امداد کی رسائی کیلئے مکمل جنگ بندی کی ضرورت ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈانیا ہگاری نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے حماس کے انٹیلی جنس نائب سربراہ شادی بارود کو جان سے مار دیا۔ اسرائیلی فوج شادی بارود کو سات اکتوبر کے حملوں کا ماسٹر مائنڈ سمجھتی ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے کہا ہے کہ ایران اسرائیل حماس جنگ کا پھیلا¶ نہیں چاہتا۔ غزہ میں نسل کشی جاری رہی تو امریکہ بھی اس آگ سے نہیں بچ پائے گا۔ حماس شہری یرغمالیوں کو رہا کرنے کیلئے تیار ہے۔ دنیا کو 6 ہزار فلسطینیوں کی رہائی کی بھی حمایت کرنی چاہئے۔ غزہ کے شہریوں کو اجتماعی سزا دینا سیلف ڈیفنس نہیں جنگی جرم ہے۔ حماس کا وفد دورہ روس پر ماسکو میں ہے۔ ترجمان روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے نائب وزیر خارجہ بھی ماسکو میں ہیں۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ نے روسی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کے ہنگامی سیشن سے فلسطین کے مندوب ریاض منصور نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں بمباری کو بند کیا جائے۔
اسرائیلی ٹینکوں کی غزہ میں بمباری، 481 شہید، کوئی جگہ محفوظ نہیں: اقوام متحدہ، شہداءمیں ایک گھر کے 30 افراد شامل
Oct 27, 2023