پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع، سی پیک کا ترقی میں اہم کردار: وزیر خارجہ

Oct 27, 2023

بشکیک اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، سی پیک علاقائی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایس سی او میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا، ایران کو مکمل ممبر کے طور پر ایس سی او میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او فورم معاشی چیلنجز سے نمٹنے، معیشت کی بحالی اور امن کے لئے اہم کردارادا کر رہا ہے، اس کے ممبران کان کنی، آئی ٹی، توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ اس منصوبے سے ایس سی او ممالک کے روابط کو فروغ ملے گا، ہمیں ہر میدان میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ دریں اثنائ نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں کرغز جمہوریہ کے صدر اور وزیر خارجہ کے علاوہ ایران کے نائب صدر اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقاتیں کی ہیں۔ وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں حکومت کے سربراہان کی کونسل میں دوسرا اعلیٰ ترین فورم ہے جس کی بنیادی توجہ سماجی و اقتصادی، تجارت اور مالیاتی شعبوں میں رکن ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے کرغز جمہوریہ کے صدر اور وزیر خارجہ کے علاوہ ایران کے نائب صدر اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ان تبادلوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی خوشحالی کے لیے علاقائی تعاون پر بات چیت ہوئی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ آج کے اجلاس کے اختتام پر پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے حکومت کے سربراہان کی کونسل کی سربراہی 2024ءکے موسم خزاں تک سنبھال لے گا۔ ترجمان نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں ہماری توجہ رابطے کو بڑھانے، ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، غربت کے خاتمے اور زراعت، کان کنی، معدنیات، توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت اعلیٰ امکانات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر عملی تعاون پر مرکوز رہے گی۔

مزیدخبریں