واشنگٹن(اے پی پی)امریکی ریاست مین کے شہرلیوسٹن میں ایک شخص کی بولنگ کلب ، بار اور وال مارٹ ڈسٹری بیوشن سینٹر میں فائرنگ کے نتیجہ میں کم از کم 22 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کا نام رابرٹ کارڈ اور عمر 40 سال بتائی گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق پولیس اس شخص کی گرفتاری کی کوششوں میں مصروف ہے ۔لیوسٹن پولیس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہرمیں ایک مسلح شخص موجود ہے اور لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ گھروں کے اندر اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ پولیس نے شخص کی تصاویر جاری کرکے عوام سے اس کی تلاش میں مدد کی اپیل کی ہے۔ پولیس کے مطابق شخص ایک سیمی آٹومیٹک رائفل سے مسلح ہے اور اس کے پاس ایک ایس یووی گاڑی ہے ۔ امریکی پولیس کے مطابق صدر جو بائیڈن کو واقعہ سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور ا ن کو تازہ ترین صورتحال سے باخبر رکھا جا رہا ہے۔