اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) متحدہ عرب امارات کی ایئر فورس اور ایئر ڈیفنس کے سربراہ میجر جنرل اسٹاف پائلٹ ابراہیم ناصر محمد العلاوی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات کو ائیر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بین الاقوامی تذویراتی صورتحال، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے نئی راہیں استوار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ائیر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے میجر جنرل سٹاف پائلٹ ابراہیم ناصر محمد العلاوی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں پاک فضائیہ کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔ معزز مہمان نے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایئر چیف نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیئے جاری مختلف منصوبوں کا ذکر کیا جنکے ذریعے سائبر، سپیس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید ٹیکنالوجیز سے متعلق شعبوں میں آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ ایئر چیف نے بین الاقوامی فضائی مشق انڈس شیلڈ میں امارات کے فضائی دستے کی شرکت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین بے مثال برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے عسکری تعاون، مشترکہ مشقوں اور تربیتی شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔متحدہ عرب امارات کی ائیر فورس اور ائیر ڈیفنس کے سربراہ نے پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی شاندار پیش رفت اور پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔ دونوں سربراہان نے عسکری تربیت اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں آپریشنل صلاحیتوں سے متعلق دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا۔