27 ۱کتوبر۔یوم سیاہ

27اکتوبر 1947ءکا دن مسلمانانِ کشمیر کے لیے ایک منحوس ساعت ثابت ہوا جب بھارت نے تقسیم ہند کے مسلمہ اصولوں کو اپنی فرعونیت اور انا کی بھینٹ چڑھاتے ہوئے غالب مسلم اکثریت کی حامل ریاست جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جمالیا۔ نامہربان ر±توں کا یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے اور آزادی کشمیر کے لیے دی گئی قربانیوں کی فہرست طویل سے طویل تر ہوتی چلی جارہی ہے۔ برصغیر کی تقسیم کے وقت یہ بنیادی کلیہ طے ہواتھا کہ مسلم اکثریت والے علاقے پاکستان میں شامل ہوں گے جبکہ غیر مسلم اکثریت کے علاقے ہندوستان کا مقدر ٹھہریں گے۔اس اصول کے تناظر میں دیکھاجائے تو ریاست جموں وکشمیر کو بہرطور پاکستان کا حصہ ہوناچاہیے تھا کیونکہ مسلم اکثریتی آبادی کے علاوہ جغرافیائی اعتبار سے بھی کشمیرکا الحاق پاکستان کے ساتھ ہونا چاہیے تھا۔
 اعداد و شمار کے مطابق ریاست کی 87 فیصد آبادی مسلمان ہے اور پاکستان کے ساتھ تقریباسات سو میل کی سرحد ملتی ہے جبکہ ہندوستان کے ساتھ کشمیر کی محض دوسوکلومیٹر لمبی سرحد ہے۔ اس میں بھی تھوڑے سے میدانی علاقے کو چھوڑ کر باقی تمام سرحد ناقابل عبور پہاڑوں پر مشتمل ہے۔ دوسری طرف جموں وکشمیر کی تینوں اکائیاں براہِ راست پاکستان کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔ یہی وہ اہم ترین وجوہات تھیں جن کی بنا پرقافلہ حریت کے سپہ سالاروں نے19 جولائی 1947ءکوسری نگر میں غازی ملت سردارمحمد ابراہیم خان صاحب کے گھر ایک متفقہ قرار داد کے ذریعے پاکستان کے ساتھ الحاق کا باضابطہ اعلان کردیا۔ 
اس اعلان کے بعد راجا ہری سنگھ نے بڑے پیمانے پر مسلمانوں کا قتل عام شروع کر دیا۔ آزادی کا خواب دیکھنے والوں کے جذبات کوطاقت کے بل بوتے پر کچلنا چاہالیکن تاریخ گواہ ہے کہ مسلمانانِ کشمیر کے جذبہ حریت کو جس قدر دبایا گیا، وہ اتنا ہی ابھر کر سامنے آیا۔ کشمیر کے عوام نے جبرواستبداد کی اس بے رحم آگ میں مزید جھلسنے سے انکار کردیااور راجا ہری سنگھ کی مشق ستم کے خلاف علمِ بغاوت بلند کردیا۔ چنانچہ مجاہدین آزادی نے ایک منظم لشکر کے ذریعے ریاست کے ظالم راجا کے خلاف جہاد شروع کر دیا۔ تحریک آزادی کشمیرہر گزرتے پل کے ساتھ منظم ہوتی گئی اور مجاہدین کشمیر کے ایک بڑے حصے کو راجا کے دستِ تطاول سے نجات دلانے میں کامیاب ہوگئے۔ 24 اکتوبر 1947ءکو مسلمانان ِ کشمیر نے جب اپنی آزادی کا علان کیا تو کشمیر کے معزول اور مفرور راجا ہری سنگھ نے ریاست سے بھاگ کر ہندوستان کی آغوش میں پناہ لی۔وہاں اس نے انتہائی بھونڈے اور ناجائز طریقے سے 27 اکتوبر 1947ءکو ایک خفیہ معاہدے کے تحت کشمیر کا الحاق ہندوستان کے ساتھ کر دیا جسے ریاست کے عوام نے فوری مسترد کردیا اور آج تک اس کے خلاف علم بغاوت بلند کیے ہوئے ہیں۔
 اسی پس منظر میں ہر سال دنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے چلے آرے ہیں۔ یوم سیاہ محض ایک روایت یا علامت نہیں ہے بلکہ اہلِ کشمیر کی جانب سے اقوامِ عالم کے لیے ایک بھرپور پیغام ہے۔یہ ایک ایسا پیغام ہے جو سات دہائیاں گزرجانے کے باوجود اہلِ جہان کے ضمیر پر دستک دے رہا ہے۔ کتنی ہی دفعہ اقوام متحدہ کا دروازہ کھٹکھٹایا جاچکا ہے۔ ہندوستان کی ظالمانہ پالیسیوں کوبے نقاب کیا جاچکا ہے۔ تقریباً تمام عالمی اداروں کو اہلِ کشمیر اپنی روداد قفس سنا چکے ہیں۔ شاید کبھی کوئی قبولیت کا لمحہ آئے اور اقوامِ عالم کو کشمیریوں کے کرب کا اندازہ ہو!
مٹ جائے گا سر گر ترا پتھر نہ گھسے گا
ہوں در پے ترے ناصیہ فرسا کوئی دن اور 
طرفہ تماشا یہ کہ آئے روز مودی سرکار کی منافقت، شیطنت اور مکاری کے نئے نئے مظاہر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ڈھٹائی کی حد دیکھیے کہ چند سال قبل ہندوستان نے 22 اکتوبر کو یوم سیاہ منا کر اہلِ کشمیر کے زخموں پر نمک چھڑکا۔یہ تحریک آزادی کشمیر کے اسلاف کی توہین ہے۔ یہ ان غازیانِ ملت کی جہد مسلسل کا مذاق ہے جنھوں نے اپنا سب کچھ آزادی کی راہ میں لٹا دیا۔ یہ شہداءکے مقدس لہو کی بے قدری ہے۔ مودی سرکار ہر طرح سے اہلِ کشمیر کو اذیت دینے کے درپے ہے۔ نہ صرف پیلٹ گنز کے ذریعے لوگوں کو بینائی سے محروم کیاجارہاہے بلکہ آئے روز الٹے سیدھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ان کے جذبات کو بھی ٹھیس پہنچائی جارہی ہے۔ ہندوستان کے اس اقدام سے نہ صرف اہلِ کشمیر کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی گئی بلکہ یہ اس کی سیاہ کاریوں میں ایک اور سیاہ کرتوت کا اضافہ بھی ہے۔ 
 ہندوستان نے 22 اکتوبر کو یومِ سیاہ کے طور پر مناکراپنے مخفی عزائم سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ ہندوستان کے پوشیدہ ارادے طشت از بام ہو چکے ہیں۔یہاں یہ بات ہمیں اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ ہندوستان کا اگلا ہدف آزاد کشمیر ہے۔ وہ بھر پور ریاستی پروپیگنڈ ے کا استعما ل کرتے ہوئے علاقائی اور عالمی سطح پر رائے عامہ ہموار کر کے یہاں اپنے خونیں پنجے گاڑنا چاہتاہے۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کی قیادت کو اس مسئلے کی حساسیت کا ادراک کرتے ہوئے فوری ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن سے اقوامِ عالم کو یہ واضح پیغام ملے کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ناگزیر ہے۔ اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا اور کل کو مودی سرکار نے کسی نئی مہم جوئی کا ارادہ کر لیا تو نتیجتاً ایسی خوفناک آگ بھڑک سکتی ہے جس سے نہ صرف ایشیا بلکہ پوری دنیامتاثر ہوسکتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن