لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعودنے کہاہے کہ اگر لوگ سیریز جیتنے پر بھی تنقید کر رہے ہیں تو افسوس ہو گا۔انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا طویل عرصے بعد جیت کی خوشی ہے، سیریز میں جیت کا کریڈٹ پاکستانیوں کو دینا چاہتا ہوں۔ اگر لوگ جیتنے پر بھی تنقید کر رہے ہیں تو افسوس ہو گا۔ کرکٹ ٹیم گیم ہے، میں اور رضوان اپنی قدرتی گیم سے مختلف کھیلے، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق کی پرفارمنس ٹیم کے لیے تھی، پرفارمنس ٹیم کیلئے دینی ہے، انفرادی طور پر نہیں، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق پاکستان کا مستقبل ہیں، کھلاڑیوں کو بنانا ہے جس کیلئے سلیکشن میں تسلسل چاہیے۔ ٹیسٹ میچ ایک دن میں ختم ہو جائے پرواہ نہیں بس ہمیں جیتنا چاہیے، جب پاکستان میچ ہارتا ہے تو دکھ ہوتا ہے۔ پاکستان کی کپتانی سے بڑا فخر کوئی بھی نہیں لیکن ذمے داری ہے جس کو پورا کرنا ہے، انگلینڈ چھوٹی ٹیم نہیں، کنڈیشنز کے حساب سے چیزوں کو دیکھنا ہوتا ہے، سپنرز بھی پہلی بار سپن کنڈیشنز میں بائولنگ کروا رہے تھے، میرا ہدف ہے جیسی بھی کنڈیشنز ہو ہمیں پاکستان کیلئے مثبت رزلٹ نکالنا ہے۔سیریز میں تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل قدر ہے، ساجد خان اور نعمان علی نے سیریز میں عمدہ بائولنگ کی۔ انگلش ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے کہا کہ میچ ہارنے سے مایوسی ہوئی، کیویز کیخلاف سیریز میں کم بیک کی کوشش کریں گے۔ بین سٹوکس نے اعتراف کیا کہ بطور بائولر اور بیٹر ہم نے اچھا پرفارم نہیں کیا، لمبے عرصے سے مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں لیکن پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد مسلسل 2 میچز ہارنا تکلیف دہ ہے۔ غلطیوں پر قابو پاکر نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنے پر فوکس کریں گے، کرکٹ میں اچھے برے دن ہوتے ہیں۔ میری میچ فٹنس بالکل ٹھیک ہے، سپنرز کی آپشن موجود تھے تو بائولنگ کروانے سے گریز کیا۔ ساجد خان، نعمان علی نے شاندار صلاحتیں دکھائیں، ذہنی طور پر سپن پچز کیلئے تیار نہیں تھے جو ہمارے سیریز میں شکست کا سبب بنا۔
جیت کی خوشی، کریڈٹ پاکستانیوں کو جاتا ہے، شان مسعود: سپن پچز کیلئے تیار نہیں تھے، بین سٹوکس
Oct 27, 2024