لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا 27اکتوبر کو کشمیر کے حوالے سے یوم سیاہ منایا جاتا ہے۔ یہ وہ دن ہے جب 1947میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجیں غیر قانونی طور پر اتار دی تھیں تب سے بھارت اس علاقے پر زبردستی اور غیر قانونی قبضہ جمانے ہوئے ہے۔ بھارت نے 5اگست 2019کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت بھی غیر قانونی طور پر ختم کی اور بھارت کے اس یکطرفہ اقدام سے صورتحال مزید خراب ہوئی۔ چوہدری شافع حسین نے کشمیر کے حوالے سے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا بھارت کے مقبوضہ وادی میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے اقدامات قابل مذمت ہیں۔ مظلوم کشمیری کئی دہائیوں سے بھارت کی قابض افواج کے مظالم اور جبر کا مقابلہ بہادری سے کررہے ہیں لیکن بھارتی مظالم اور جبر کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکے ہیں۔ جموں وکشمیر کے تنازعہ کا واحد حل سلامتی کونسل کی قراردادوں میں مضمر ہے۔ عالمی برادری کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے اس لئے پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی تھی۔ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔