شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ کی کال پر شیخوپورہ میں بھی تعلیم بچاؤ تحریک کا آغاز کردیا گیا ہے اس سلسلہ میں اسلامی جمعیت طلبہ شیخوپورہ کے ناظم سید عبدالمعید نے پریس کلب شیخوپورہ میں جمعیت کے مقامی تنظیمی ذمہ داران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے نظام تعلیم کو بچانے کیلئے اسلامی جمعیت طلبہ نے ملک گیر تحریک کا آغاز کردیا ہے اس تحریک کا بنیادی مقصد پاکستان کے نظام تعلیم کو یکساں کرنا اور غیر ملکی دباؤ پر اس میں ہونے والی تبدیلیوں کو روک کر طلبہ کو پاکستان کے اصل نظریہ پر کھڑا کرنا ہے تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے لیکن افسوس پاکستان میں اس انتہائی اہم اور بنیادی ضرورت اور نوجوانوں کی تربیت کی پہلی درس گاہ تعلیم کو ہی سیاست کی نظر کردیا گیا ہے ۔