شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ورکن قومی اسمبلی جمشید خاں دستی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کس چیز کے شادیانے بجارہے ہیں قوم کو سب معلوم ہے کہ ان کے نانا نے پاک وطن کو دولخت کیا بلاول بھٹو نے آئین کی مضبوطی نہیں بلکہ اس کے قتل کیلئے کوششیں کی جو باآور ثابت ہوئیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے لاہور سے واپس اسلام آباد جاتے ہوئے شیخوپورہ میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا جمشید خاں دستی نے کہاکہ فارم 47 والی حکومت نے انتقامی سیاست کی تمام حدود وقیود کو عبور کردیا ہے سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب قیدیوں کی وین والا ڈرامہ کر کے قوم کی توجہ مسائل سے ہٹا کر اس طرف کرنیکی کوششیں کر رہی ہے مگر قوم کو معلوم ہے سب جھوٹ اور فراڈ ہے انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی ، علیمہ خاں ، عظمی خان کے بعد جلد بانی تحریک انصاف، شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد سمیت دیگر تحریک انصاف کے رہنما بھی رہائی ہو کر عوام میں ہو نگے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی خودمختاری ،اداروں کی آزادی اور عوام کی ترقی وخوشحالی نواز شریف ،شہباز شریف ،زرداری خاندان کی ترجیح نہیں۔