پولیس فورس مختلف ویلفیئر کیٹیگریز میں ایک ارب 80 کروڑ روپے دیئے جاچکے: عثمان انور 

Oct 27, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ رواں سال پولیس فورس مختلف ویلفیئر کیٹیگریز میں ایک ارب 80 کروڑ روپے سے زائد رقم دی جا چکی ہے۔ تعلیمی وظائف کی مد میں 62 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی ہے۔ ملازمین کے بچوں کے تعلیمی وظائف کیلئے ویلفیئر پالیسی میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔ رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 88763 ریڈز کیے گئے، منشیات کے دھندے میں ملوث 49504 ملزمان گرفتار ہوئے، 49006 مقدمات درج کئے گئے۔ملزمان کے قبضہ سے 29983 کلوگرام چرس،847 کلو گرام ہیروئن، 1349 کلو افیون،367 کلو آئس اور8 لاکھ 10 ہزار لٹر سے زائد شراب بھی برآمد کی گئی۔پنجاب پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق نے اپنے5 بچوں کو ایم بی بی ایس کرا کر دیگر والدین کیلئے اعلی مثال قائم کی ہے۔ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق نے اپنی زوجہ، ڈاکٹر بیٹیوں اور بیٹوں کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق کے بچوں میں ڈاکٹر ماریہ، ڈاکٹر نویرا، ڈاکٹر مدیحہ، ڈاکٹر محمد علی رضا‘ ڈاکٹر محمد حسن شامل ہیں۔انصر رزاق کی چھوٹی بیٹی حبیبہ نے بھی ایم کیٹ کے امتحان میں 96 فیصد سے زائد نمبرز حاصل کرکے میڈیکل یونیورسٹی کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔

مزیدخبریں