سوڈان (نوائے وقت رپورٹ) سوڈان کی پیرا ملٹری فورس ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) نے ریاست الغیزیرا میں حملہ کر کے 24 افراد کو ہلاک اور 100شہریوںکو زخمی کر دیا جو ریاست میں ڈیڑھ سال کے دوران سب سے بڑا خون ریزحملہ ہے۔ سوڈان کے جمہوریت پسند کارکنوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ اتوار کو آر ایس ایف کے اعلیٰ افسر ابو غلاکیکال کی جانب سے سرکاری فوج کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بعد آر ایس ایف اسی ریاست میں انتقامی کارروائی کر رہی ہے جہاں سے اس کے افسر تعلق رکھتے ہیں۔ شہریوںکوگرفتار کیا گیا اور ہزاروں افراد گھر چھوڑ کر پناہ کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔ جمہوریت پسندگروپ مزاحمتی کمیٹی کے وید مدانی نے کہاکہ ریاست الغیزیرا کے شمالی گاؤ ںالسیریحہ میں حالیہ دنوں میں بدترین واقعات پیش آئے ہیں۔ دوسری جانب آر ایس ایف نے بیان میں سوڈان کی فوج پر الزام دیا کہ وہ الغیزیرا میں شہریوں کو مسلح کر رہی ہے۔