پشاور (نوائے وقت رپورٹ) حیات آباد انڈسٹریل سٹیٹ میں قائم ڈین فیکٹری میں لگی آگ بے قابو ہو گئی جس کے لئے پاک فضائیہ کی خدمات طلب کر لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد کارخانہ میں شام کے وقت آگ لگی جس پر ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز موقع پر پہنچے اور ہنگامی اقدامات شروع کئے تاہم چار گھنٹے تک آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں بیس سے زائد گاڑیوں اور ساٹھ فائر فائٹرز نے حصہ لیا جبکہ شدت کی وجہ سے اس دوران متعدد ریسکیو رضا کاروں کی حالت بھی غیر ہوئی۔ چارسدہ، مردان، صوابی اور ضلع خیبر کی ٹیمیں بھی پہنچیں۔ گورنر خیبر پی کے اور وزیراعلیٰ نے فیکٹری میں آتشزدگی کا نوٹس لیا۔ گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے ایئرفورس سے آگ بجھانے کی لئے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے اور گورنر نے متعلقہ محکموں کو ہنگامی بنیادوں پر ہر ممکن اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ قابو پانے کے لئے پاک فضائیہ کے فائر ویکلز اور فائر فائٹرز نے ریسکیو کے عمل میں حصہ لیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق فضائیہ کے رضا کار و اہلکار سول انتظامیہ کو امدادی کارروائیوں میں پوری مدد فراہم کرنے میں پیش پیش رہیں۔ ضلعی ڈائریکٹر آپریشن ریسکیو 1122 نے بتایا کہ فیکٹری میں کیمیکل کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں ہم آگ کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ آگ لگنے کے واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ 155 ورکرز آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا رہا ہے۔ دیگر فیکٹریوں کی لپیٹ میں آنے کی خبریں من گھڑت ہیں۔ آگ تیزی سے پھیلنے کی وجہ پیمپر اور ٹشو کے لئے استعمال ہونے والے کیمیکلز ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور مسلسل رابطے میں ہیں اور آگ بجھانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
پشاور: فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی، پاک فضائیہ کی خدمات طلب
Oct 27, 2024