لاہور( نیوز رپورٹر)صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیونے 28 اکتوبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں نقل پزیر آبادی کی جیو ٹیگنگ کا فیصلہ کیاہے۔ صوبے کے داخلی راستوں اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر بچوں کو ویکسیئن پلانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی.صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا ایک اہم اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کی. داخلہ،سکولز ایجوکیشن سمیت متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر، ڈی سی لاہور اورپولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نیاجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے. خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے روٹین امیونائزیشن (ای پی آئی) کوریج کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں موجود خامیوں کو دور کر کے موذی مرض کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔