لاہور(نیوز رپورٹر) شوکت خانم لیبارٹری لاہور کی خدمات کے معیار کو کالج آف امریکن پتھالوجسٹس کی تصدیق حاصل۔ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کی معیاری طبی خدمات کو ایک اور اعزاز حاصل۔ شوکت خانم کینسر ہسپتال کی لاہور میں قائم لیبارٹری کو دنیا کی معروف تنظیم، کالج آف امریکن پتھالوجسٹس سے منظوری حاصل ہوگئی ہے۔ سی اے پی دنیا بھر میں بورڈ سرٹیفائیڈپتھالوجسٹس کی سب سے بڑی تنظیم ہے جو لیبارٹری کے معیارات کو بلند کرنے کیلئے کام کرتی ہے۔ یہ کامیابی شوکت خانم اور سی اے پی کے درمیان 2 دہائیوں سے جاری اشتراک کا نتیجہ ہے۔ سی اے پی کی منظوری کا پروگرام لیبارٹری ٹیسٹنگ میں معیار، درستگی اور بھروسے کو یقینی بنانے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس موقع پرشوکت خانم ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا یہ منظوری ہمارے عزم کی تصدیق کرتی ہے کہ شوکت خانم میں ہم اپنے مریضوں کو محفوظ اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔