لاہور (خصوصی نامہ نگار) چئپرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے حج کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ حج و عمرہ پر جا نے والے ملکی وقار کا خیال رکھیں۔ بھکاری بن کر اور ممنوعہ اشیاء جیسے منشیات وغیرہ سعودی عرب نہ لے کر جائیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق باقی اسلامی ممالک سے مختلف بہت مضبوط اور گہرا ہے۔ ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے یہاں مقامی ہو ٹل میں میزاب گروپ کے زیر اہتمام تقریب سے خطا ب کر تے ہوئے کیا۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ جو لوگ حج و عمرہ پر جا تے ہیں وہ اللہ کے مہمان ہوتے ہیں، اس میں کوئی دوسری رائے نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ دنیا کی طرح اب سعودی عرب میں بھی بہت کچھ تبدیل ہو رہا ہے۔ اگر سعودی عرب میں تبدیلیاںآ رہی ہیں تو ہمیں بھی اپنے آپ کو اس نظام کے مطابق ڈھالناچاہیے جو وہاں رائج ہے۔ آج ہمارے ملک کے اندر معاشی استحکام کے لیے جو کوششیں ہو رہی ہیں ان کی مثال نہیں ملتی۔ سعودی عرب کے ولی عہد کے کہنے پر سعودی عرب کے 132 سرمایہ کار دو ہفتے قبل پاکستان آئے اور انہوں نے یہاں بزنس مین ٹو بزنس مین جو معاہدے کیے وہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو واضح کرتے ہیں۔ بحثیت قوم ہمیںمتشددانہ رویوں سے بھی باہر آنا چاہے جو ہمارے ملک کی ساکھ کے لیے نقصان دہ ہیں۔ پاکستانی حکومت اور عوام فلسطینیوں کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔