اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے سنگجانی پولیس قیدی وین پر حملے اور ملزمان کو چھڑوانے کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے دو ایم پی ایز،کے پی کے پولیس اور ریسکیو 1122کے ملازمین سمیت86 افراد کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کردیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے گرفتار پی ٹی آئی کے 2 ایم پی ایزملک لیاقت اور انورزیب کے علاوہ ،34 کے پی کے پولیس اہلکاراور 42 ریسکیو 1122 کے اہلکار جبکہ 4 دیگر سمیت86 ملزمان کو عدالت پیش کرتے ہوئے تیس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی،جبکہ پی ٹی آئی وکلا نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ ایف آئی آر کے مطابق پولیس وین پر حملہ کی منصوبہ بندی عدالت میں پیشی کے دوران کی گئی، پولیس کو قیدی وین موٹر وے چھوڑ کر جی ٹی روڈ پر لانے کا کس نے کہا،کوئی ملزم موقع سے فرار نہیں ہوا،پولیس کے پاس کونسے سپائڈر مین تھے جنھوں نے 82 ملزمان کو فوری گرفتار کر لیا،پولیس ملزمان کو چھوڑنا نہیں چاہتی اس لیئے وقوعہ بنایا گیا،دلائل سننے کے بعد عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعد ازاں تمام ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کرنے کا حکم سناتے ہوئے کہا زخمی ملزمان کا طبی معائنہ کرایاجائے اور آئندہ سماعت پر رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔
پولیس وین پر حملہ، 86افراد 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے ملزموں میں2ایم پی اے شامل
Oct 27, 2024