سپنرز کا جادو،پاکستان 19 سال بعد انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز ہرانے میں کامیاب

Oct 27, 2024

لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ خصوصی +اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان نے انگلینڈ کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں9وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔قومی ٹیم نے انگلینڈ کیخلاف ہوم گرائونڈ پر 19سال بعد ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی۔قومی ٹیم نے 9سال بعد انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتی جبکہ4سال بعد ہوم سیریز میں کامیابی ملی۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز دوسری اننگز میں انگلینڈ نے 24 رنز 3 وکٹوں پر اننگز کا آغاز کیا توانگلینڈ کے بیٹرز پاکستانی سپنرز کے سامنے بے بس دکھائی دئیے۔  ہیرک بروک 26‘کپتان بین سٹوکس3، جیمی سمتھ 3، گس اٹکنسن 10، ریحان احمد 7اور جیک لیچ 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے‘زاک کرالی دو ‘بین ڈکٹ بارہ ‘اولی پوپ ایک ‘جوروٹ33رنز بناسکے۔ٹیم 112پر آل ٹیم آئوٹ ہو گئی۔انگلش ٹیم پاکستان کیخلاف محض 35 رنز کی برتری حاصل کرسکی۔ نعمان علی نے 6اور ساجد خان نے 4وکٹیں حاصل کیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں مختصر ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر صائم ایوب 8 رنز بناکر جیک لیچ کا شکار بنے ۔ کپتان شان مسعود نے 6گیندوں پر 23 رنز بناکر گرین شرٹس کو 9 وکٹوں سے میچ جتوادیاعبد اللہ شفیق پانچ رنز پر ناقابل شکست رہے۔ قومی ٹیم نے تین دنوں میں ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرلی ۔ سعود شکیل کو مین آف دی میچ جبکہ ساجد خان کو مین آف دی سیریز قراردیا گیا۔ساجد خا ن نے میچ میں 10اور نعمان علی نے 9وکٹیں حاصل کیں ۔دونوں سپنرز نے دو ٹیسٹ میچوں میں 40میں 39کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 267اور پاکستان نے 344رنز بنائے ۔ پاکستان نے آخری ہوم سیریز 2021ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف جیتی تھی۔پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف آخری بار 2015ء میں متحدہ عرب امارات کے میدان میں مصباح الحق کی قیادت میں کامیابی ملی تھی۔ 2005ء میں انضمام الحق کی قیادت میں پاکستان نے انگلش ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر 0-2 سے ہرایا ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز جیتنے پر کامیابی کی مبارکباد یتے ہوئے پیغام میں کہا کہ قومی ٹیم نے انگلینڈ کیخلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، ٹیم اور پوری قوم کو ٹیسٹ سیریز جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید ہے پاکستان ٹیم مستقبل میں بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتی رہے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کامیابی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا۔ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے جذبے اور ٹیم ورک نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، پوری قوم کرکٹ ٹیم کی اس کامیابی پر خوش ہے، انشاء اللہ کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا انگلینڈ کو شکست دینا خوشی کی بات ہے، ٹیسٹ کرکٹ سیریز میں کامیابی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہیں، لگن اور جذبہ منزل کو حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے۔ ہم متحد ہو کر پاکستان کیلئے تمام تر کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے انگلینڈ کے خلاف تیسرا  ٹیسٹ اور سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی اورکہا قومی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرکے فتح اپنے نام کی،ساجد خان اورنعمان علی نے شاندارباولنگ کرکے اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا۔سعود شکیل نے سنچری سکور کرکے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ٹیم نے شا ندارپرفارمنس دکھائی اورٹیسٹ سیریز اپنے نام کی،اس جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو گا۔قوم کیساتھ کھلاڑیوں کوایسی شاندارفتح کا انتظارتھا۔نئے کھلاڑیوں نے  کارکردگی سے ٹیم میں اپنی شمولیت کو درست ثابت کیا۔پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار فتح پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی ہے۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا پاکستان ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت اپنے نام کی۔

مزیدخبریں