شمالی وزیرستان: چوکی پر خودکش حملہ، 4 پولیس اہلکار، 2 فوجی، 2 شہری شہید، 5 زخمی

Oct 27, 2024

پشاور+ بنوں+ اسلام آباد (این این آئی+ نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں فورسز کی چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 8 افراد شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔ میرعلی کے علاقے عیدک میں پولیس اور آرمی کی جوائنٹ چیک پوسٹ ’اسلم‘ پر خودکش حملہ میں 8 افراد شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔ سینئر پولیس آفیسر کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھرا رکشہ چیک پوسٹ سے ٹکرا کر دھماکے سے اڑادیا۔ شہید افراد میں چار پولیس اہلکار، 2 فوجی اور دو عام شہری شامل ہیں۔ چیک پوسٹ کے ساتھ ساتھ ایک فوجی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر میران شاہ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث شہید افراد کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا اور مزید کارروائی جاری ہے۔ ایک دوسرے واقعہ میں جنوبی ضلع ٹانک کے گاؤں گل امام گاؤں میں فوجی قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں چار پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد کی شہادت ہوئی ان بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف خیبر پی کے پولیس ہمیشہ صف اول میں کھڑی ہے۔ دوسری جانب باجوڑ کے تحصیل نادگئی کے علاقے دربنو میں ایف سی اور پولیس کے مشترکہ چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خود کْش حملے میں پولیس اہلکاروں اور معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔صدر مملکت نے کہا کہ پولیس اہلکاروں پر حملہ انتہائی بزدلانہ اقدام ہے۔ صدر مملکت نے پولیس چیک پوسٹ پر خود کْش حملے کی مذمت کی۔ بلاول بھٹو اور  وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں پولیس پوسٹ پر خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے حملے میں 4 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پولیس کے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔بنوں کے علاقے غنی مچن خیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس ہیڈ کانسٹیبل شہید ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل نماز کے لئے مسجد جا رہے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت میں مسجد میں حملہ ناکام بناتے ہوئے شہید ہونے والے کیڈٹ عارف اللہ کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کو آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئر افسروں جوانوں، عمائدین اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ مسلح افواج دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔

مزیدخبریں