لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے تنظیمی اجلاس میں معاشی اور سیاسی بحران پر قابو پانے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جمہوریت کے لیے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی معیشت کے لیے کامیاب حکمت عملی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ مشکل ترین معاشی حالات میں بجلی کے بلوں میں ریلیف پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ رانا ثناء اللہ خان کی زیر صدارت پنجاب کا تنظیمی اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ہوا جس میں سینئر رہنما میاں جاوید لطیف، انوشہ رحمان، سائرہ افضل تارڑ، عظمیٰ بخاری، ذیشان رفیق، رانا محمد ارشد، خلیل طاہر سندھو سمیت پنجاب کے تنظیمی اور ڈویژنل عہدیداروں نے شرکت کی۔ حمیر حیات خاں روکھڑی کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ پنجاب کے تنظیمی اجلاس میں مشکل دور میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں مجوزہ لوکل باڈیز بل کا جائزہ لیا گیا جبکہ صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی جانب سے مجوزہ لوکل باڈیز بل کے متعلق شرکاء کو بریفننگ دی گئی۔ پنجاب رانا ثناء اللہ نے دو ہفتوں تک تمام عہدیداران کو اپنی ڈویژنل تنظیموں اور کارکنوں سے مشاورت کے بعد اپنی اپنی تجاویز دینے کی ہدایت دی۔ اس کے ساتھ ہی خالی تنظیمی عہدے ایک ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ حکومتی اور دیگر سیاسی و ملکی معاملات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ معاشی اور سیاسی بحران پر قابو پانے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ جبکہ میاں نواز شریف کو پارٹی کے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے، ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار اورجمہوریت کے لیے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی معیشت کے لیے کامیاب حکمت عملی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ مشکل ترین معاشی حالات میں بجلی کے بلوں میں ریلیف پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر قرارداد بھی منظور کی گئی جس کے متن میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 500یونٹ تک صارفین کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بجلی کے بلوں میں 54 ارب روپے کا ریلیف دیا۔ پاکستان میں مہنگائی تین سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، عام آدمی کے استعمال کی اشیاء خورد و نوش کی قیمتیں بھی تیزی سے کم ہو رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے مفت ادویات کی فراہمی، الیکٹرک بائیک کی تقسیم، کسان کارڈ اور ہمت کارڈ کی تقسیم کے منصوبے قابل ستائش ہیں۔ اپنی چھت اپنا گھر پروجیکٹ شروع کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مشکور ہیں۔
نوازشریف کو خراج تحسین، شہباز کی معاشی حکمت عملی پر اطمینان، مریم نواز کی کارکردگی پر قرارداد منظور
Oct 27, 2024