پنجاب سے چاول کی برآمد ایک ارب ڈالر بڑھنے کا امکان، بیج، کھاد سستے ملیں گے: مریم نواز

لاہور (نیوز رپورٹر) تاریخ کی پہلی حقیقی کسان دوست حکومت، شب و روز محنت رنگ لانے لگی۔ مریم نوازکی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب میں ایگری کلچر سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ  پنجاب میں رائس کی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے، جس سے ایک ارب ڈالر ایکسپورٹ بڑھنے کا امکان ہے۔ گزشتہ برس 4ارب ڈالر رائس ایکسپورٹ ہوا ہے جبکہ رواں سال 5 ارب ڈالر ایکسپورٹ متوقع ہے۔ چاول کے زیر کاشت رقبے اور پیداوار میں بھرپور اضافے کا امکان ہے۔ پنجاب میں گندم کی پیداوار میں 30 فیصد اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پنجاب بھر میں زیر کاشت سرکاری رقبے پر گندم کی کاشت لازمی قرار دی گئی ہے۔ وزیراعلی نے زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے ٹیکنالوجی پر زیادہ سے زیادہ انحصار کی ہدایت کی اور کہاکہ پیداوار میں اضافے کے لئے جدید او رسائٹیفک طریقہ کار اختیار اور مشینری کا استعمال کیا جائے۔ پنجاب کے کاشتکار کو گندم کی فصل کے لئے بیج او رکھاد سمیت دیگر زرعی مداخل سستے دستیاب ہوں گے۔ بریفنگ کے دوران اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں 11لاکھ 42ہزار کاشتکار کسان کارڈ کے لئے رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ 4لاکھ 17ہزار سے زائد کسان کارڈ پرنٹ جبکہ 3لاکھ کسان کارڈ کاشتکاروں تک پہنچ چکے ہیں۔ 15 لاکھ کاشتکار سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام پورٹل پر آچکے ہیں۔ 10لاکھ درخواست کنندگان کے درمیان 9500 ٹریکٹرز کے لئے قرعہ اندازی ہو گی۔ پنجاب بھر میں 993 ایگریکلچر گریجوایٹ گندم کی زیادہ پیداوار کے لئے کاشتکاروں کی پیشہ ورانہ رہنمائی کر رہے ہیں۔ پنجاب میں ٹماٹر اورپیاز کی بے موسمی کاشت کے لئے 2،2 ہزار ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے۔ 1762 ایکڑ اراضی پر ٹماٹر کی بے موسمی کاشت مکمل ہو چکی ہے۔ ٹماٹر اور پیاز کے زیر کاشت رقبے میں 5 فیصد جبکہ پیداوار میں 10فیصد اضافے کی توقع ہے۔ علاوہ ازیں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تاریخی فتح پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا اورکہاکہ ساجد خان، نعمان علی سمیت دیگر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور کہا شاباش، بوائز ٹیم گرین مریم نواز شریف نے ایوارڈ یافتہ نامور موسیقارالطاف حسین طافو خان کے انتقال، شمالی وزیرستان چیک پوسٹ پر خود کش حملہ میں 4 پولیس اہلکاروں کی شہادت پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن