اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی خصوصی دعوت پر روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی فیڈرل اسمبلی کی چئیرپرسن محترمہ ویلنٹینا ماٹویینکو 27 اکتوبر سے 29 اکتوبر 2024 تک پاکستان کا دورہ کرینگی . یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی اور پارلیمانی تعلقات میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ محترمہ ویلنٹینا ماٹویینکو کے دورے سے پاکستان اور روس کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ دورے کے دوران اعلی سطح ملاقاتیں اور مصروفیات بھی پروگرام میں شامل ہیں۔ اپنے قیام کے دوران وہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے علاوہ صدرمملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقاتیں کر ینگی ۔