ایشیائی بنک پاکستان کو 50کروڑ ڈالرقرض دیگا ، وزیراخزانہ کی اے ڈی بی چینی نائب صدور سے ملاقاتیں 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ ورلڈ بنک کے زیر اہتمام ایونٹ گروئنگ سٹرونگر‘‘ بچوں کی غذائیت کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت’’ میں شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان، خاص طور پر دیہی علاقوں میں بچوں کی نشوونما میں کمی کے مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے محصولات کے شعبے میں اصلاحات، توانائی سبسڈی میں کمی اور ریاستی اداروں کی بہتر نگرانی کو ضروری قرار دیا تاکہ موسمیاتی تبدیلی، آبادی کنٹرول اور بچوں کی نشوونما میں بہتری کے لیے زیادہ مالی وسائل مہیا کیے جا سکیں۔ وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے انرجی ریسورسز، جیفری پیئٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کے توانائی کے شعبے کو درپیش چیلنجز اور حکومت کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی جامع اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفاقی وزیرِ خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بنک (اے ڈی بی) کے صدر، جناب ماساتسوگو اساکاوا سے ملاقات کی۔ وزیرِ خزانہ نے اسلام آباد میں اے ڈی بی کے نئے دفتر کے آغاز کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ماحولیاتی اور قدرتی آفات سے تحفظ کے پروگرام کے لیے 500 ملین امریکی ڈالر کی پالیسی بیسڈ لون کی منظوری کے لیے اے ڈی بی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، جس پر اے ڈی بی بورڈ 29 اکتوبر کو غور کرے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (ڈی سی او) کی سیکرٹری جنرل دیما الیحیٰ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کے آئی ٹی شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات کی اہمیت اجاگر کی۔ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے دبئی اسلامی بنک کے گروپ سی ای او ڈاکٹر عدنان چلوان سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی مالی ضروریات پوری کرنے میں بروقت مدد فراہم کرنے پر بنک کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن