اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز سے ملاقات کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ساموا میں دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس کے موقع پر نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے دستیاب مواقع سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے باہمی مفادات کیلئے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان وسیع تعلقات کی مشترکہ راہیں تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کووسعت دینے، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم اور عوام سے عوام کے رابطوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مختلف اقدامات کی توثیق پر نیوزی لینڈ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ وراثت اور مشترکہ اخلاقیات کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہیں اور موثر کثیر الجہتی، جمہوری اور انسانی عزت و وقار کو تقویت دینے میں مشترکہ مفادات کے حامل ہیں۔ علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاک برطانیہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ ملاقات میں پاک برطانیہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دوسری طرف نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کا پابند اور مضبوط عالمی مالیاتی ڈھانچے کا خواہاں ہے۔ دولت مشترکہ کے اجلاس سے خطاب کرتے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے حل میں دولت مشترکہ کے کردار کی قدر کرتا ہے۔ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے مصنوعی ذہانت کے علم کا سہارا لینا ہو گا۔
تنازعات کے حل میں دولت مشترکہ کے کردار کی قدر کرتے ہیں: اسحاق ڈار
Oct 27, 2024