چین میں پاکستانی سائنسدان کے نام سے منسوب تحقیقاتی مرکز قائم

Oct 27, 2024 | 15:46

چین کی ہونان یونیورسٹی آف میڈیسن میں ایک نئے تحقیقاتی مرکز کا افتتاح کر دیا گیا ،تحقیقاتی مرکز کو ممتاز پاکستانی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ یہ جدید مرکز 13 ہزار مربع فٹ پر مشتمل ہے اور اس میں 17 مستقل محققین کام کریں گے جو پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی تعاون کو فروغ دینے کے لیے وقف ہیں۔ ہونان یونیورسٹی آف میڈیسن 1912 میں مشہور طبی استاد یان فُو چنگ کے ذریعہ قائم کی گئی، جوچین کی ایک نمایاں عوامی میڈیکل یونیورسٹی کے طور پر اپنی شناخت کی حامل ہے۔ یونیورسٹی ہونان صوبائی تعلیم کے محکمہ کے تحت کام کرتی ہے اور اس کے دو کیمپس میں 20 جامع انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ طبی پروگرام پیش کئے جا رہے ہیں۔ نئے تحقیقاتی مرکز کا پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کے نام سے منسوب ہونا ایک تاریخی سنگ میل ہے، جوایچ این یو ایم میں کسی پاکستانی سائنسدان کو اس طرح عزت دینے کا پہلا موقع ہے۔پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کی مختلف سائنسی کوششوں، خاص طور پر چینی اور پاکستانی سائنسدانوں کے درمیان تحقیقی مراکز کے قیام میں ان کے اسٹریٹجک کردار نے مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری سائنسی کمیونٹی میں ایک ممتاز شخصیت ہیں اور انہیں متعدد نامور اعزازات سے نوازا گیا ہے، جن میں مصطفی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ایوارڈ، سول ایوارڈز (ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز، اور تمغہ امتیاز)، چین کا دوستی ایوارڈ (2022) اور گولڈن سلک بال دوستی ایوارڈ شامل ہیں۔ وہٹی ڈبلیو اے ایس (دنیا کی سائنسی اکیڈمی) کے لیے سینٹرل اور ساؤتھ ایشیا کے نائب صدر ہیں اور ترقی پذیر دنیا کی سائنسز کے اکیڈمی (ٹی ڈبلیو اے ایس ) اور لندن کی رائل سوسائٹی آف کیمسٹری سمیت کئی معتبر سائنسی تنظیموں کے فیلو بھی ہیں

مزیدخبریں