اپنی نوعیت کے سب سے عجیب تصور کیے جانے والے ایک حادثے میں مشرقی سوڈان کی ریاست القضارف میں ایک کچے رن وے پر ایک طیارہ وہاں پر موجود رکشے سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور 12 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے پر مقامی باشندوں حیرت اور خوف کی لہر دوڑ گئی۔مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ جمعہ کو پیش آیا، جب ایک ST-CPJ اسپرے کرنے والا طیارہ تل کی کٹائی کرنے والے کارکنوں کو لے جانے والے رکشے سے ٹکرا گیا۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ ریاست القضارف میں الفشقہ الکبریٰ کے علاقے میں مٹی کے رن وے پر اتر رہا تھا۔تصادم کے نتیجے میں رکشے میں سوار چار افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو علاج کے لیے کسلا ہسپتال منتقل کیا گیا جب کہ طیارے کا یوکرینی پائلٹ، اس کا معاون اور رکشہ ڈرائیورمحفوظ رہے۔
حادثے کا شکار ہوائی جہاز
ریاست القضارف میں پیداوار اور اقتصادی وسائل کی وزارت کے ڈائریکٹر جنرل عمار عبداللہ نے وضاحت کی کہ طیارہ پرندوں سے نمٹنے کے مشن پر تھا۔ جیسے ہی یہ لینڈنگ کے قریب پہنچا تو پائلٹ کو رن وے پرایک رکشہ دکھائی دیا۔ یہ سب کچھ اچانک تھا۔ ایسے لگ رہا تھا کہ رکشہ اچانک زمین کے اندر سے باہر نکل آیا ہے۔یہ واقعہ خانہ جنگی کے شکار سوڈان میں اپنی نوعیت کا منفرد اور عجیب واقعہ تصور کیا جاتا ہے۔معتبر ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ طیارے کے دائیں بازو اور فرنٹ پروپیلر کو شدید نقصان پہنچا ہے، جب کہ طیارے کا پورا عملہ بشمول یوکرینی پائلٹ، اس کے سوڈانی انجینئر، انسپکٹر اور رکشہ ڈرائیور محفوظ رہے۔
الفشقہ کا علاقہ کہاں واقع ہے؟
مشرقی سوڈان میں واقع الفشقہ کا علاقہ القضارف ریاست کا حصہ سمجھا جاتا ہے یہ سوڈان - ایتھوپیا کی سرحد کے ساتھ 168 کلومیٹر کے فاصلے پر پھیلا ہوا ہے اور اس کا رقبہ تقریباً 5,700 مربع کلومیٹر ہے۔ یہ مخصوص علاقہ کئی دریاؤں سے جڑا ہوا ہے، جن میں سب سے نمایاں دریائے باسلام، دریائے سیتیت اور دریائے عطبرہ ہیں۔