وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے۔یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے. 1947 کو اسی دن بھارتی فورسز پہلی دفعہ کشمیر میں داخل ہوئیں. اُس دن سے آج تک کشمیریوں پر بھارتی حکومت کے ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں ںے کہا کہ آج کے دن ہم کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کی مذمت اور کشمیریوں کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا سنجیدہ نوٹس لیں.مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عالمی برادری کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلانے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار داد وں پر عملدرآمد کروانے میں کردار ادا کریں. فاشسٹ بھارتی حکومت اپنے آئین میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وہاں پر بربریت کا نیا دور شروع کر رکھی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ ہم بھارت کے اس غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے. اس کے بغیرخطے میں دیر پاامن کا قیام ممکن ہی نہیں۔انکا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں. جس طرح مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام ایک طویل عرصے سے آزادی کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں اس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی۔علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ہم آزادی کے لئے کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام حق خود ارادیت کے حصول میں کامیاب ہوجائیں گے۔