یوم سیاہ کشمیر : کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی ,دفتر خارجہ سے احتجاجی ریلی

Oct 27, 2024 | 17:50

ویب ڈیسک

مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک ریلی نکالی جا رہی ہے۔احتجاجی ریلی وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کے زیر اہتمام منعقد کی گئی ہے. احتجاجی ریلی کا آغاز دفتر خارجہ سے ہوا اور شرکاء نے ڈی چوک کی طرف مارچ کا آغاز کر دیا ہے۔احتجاجی ریلی کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور بھارتی حکومت کی جانب سے جاری مظالم کی مذمت کرنا ہے۔ریلی میں حکومتی عہدیداران، سیاسی رہنما، انسانی حقوق کے کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہے جبکہ وزیر امور کشمیر انجنیئر امیر مقام، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ، ترجمان دفتر خارجہ ممتا زہرا بلوچ بھی احتجاجی ریلی میں شریک ہیں۔اس کے علاوہ احتجاجی ریلی میں لبریشن سیل حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک ہے جبکہ یوم سیاہ کی مناسبت سے نکالی جانے والی احتجاجی ریلی میں بڑی تعداد میں اسکول کے بچے اور بچیاں بھی شریک ہیں۔شرکاء نے کشمیری جھنڈے، پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے ہیں جن پر آزادیِ کشمیر اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج ہیں۔شرکاء کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں. کشمیری عوام  کی آواز کو عالمی برادری تک پہنچانے کا عزم رکھتے ہیں۔شرکاء نے مزید کہا کہ بھارت نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف اپنی فوجیں کشمیر میں اتار کر غیر قانونی طورپر قبضہ کرلیا.  یوم سیاہ ہر سال 27 اکتوبر کو منایا جاتا ہے .تاکہ 1947 میں بھارتی افواج کے جموں و کشمیر پر قبضے کی یاد دلائی جا سکے. یوم سیاہ منانے کا مقصد کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔

مزیدخبریں