اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کشمیریوں کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بھارتی ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری جدوجہد آزادی میں ثابت قدم رہے. نہتے کشمیری دہائیوں سے بھارتی افواج کے وحشیانہ جبر کو برداشت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں بے گناہ کشمیری شہید کیے جاچکے ہیں. حریت رہنما قید ہیں، ظلم اور جبر سے کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے. کشمیریوں کے مصائب کو کم کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے گزشتہ 77 برسوں کے دوران بے شمار مشکلات کا سامنا کیا، بھارت 5 اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لیے یکے بعد دیگرے اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے مذموم عزائم کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو نقصان پہنچانا ہے. بھارت کا مقصد کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے جمہوری حق سے محروم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوج کی غیر قانونی قبضے کے خلاف دنیا بھر میں پھیلے کشمیری و پاکستانی یوم سیاہ منا رہے ہیں۔
1947 میں آج ہی کے دن بھارتی افواج نے جموں و کشمیر کی سرزمین پر قبضہ کیا تھا، جس کے بعد سے کشمیری عوام مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔