فیصل آباد کے نجی سکول کے بچوں کی بس بریک فیل ہونے کے باعث کھائی میں جاگری جس سے بچوں سمیت اڑتیس افراد جاں بحق جبکہ سڑسٹھ زخمی

فیصل آباد کےعلاقے ملت ٹاؤن میں واقع ملت گرامر سکول کے چھٹی جماعت سے دسویں تک کے بچے پرنسپل اور ٹیچرز کے ہمراہ پکنک منانے کلر کہار گئے تھے۔ سکول بس شام سات بجے کے قریب واپس فیصل آباد آ رہی تھی کہ بریک فیل ہونے کے باعث کھائی میں جاگری۔ حادثے میں اسکول پرنسپل محمد حفیظ انور اور چونتیس بچوں سمیت اڑتیس افراد جاں بحق ہوگئے۔ سڑسٹھ افراد زخمی ہوئے جنہیں کلر کہار اور چکوال کےہسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال چکوال میں چونتیس زخمی بچے اسپتال لائے گئے جہاں پانچ بچوں کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی کے ایک ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق بہتر سیٹوں والی بس میں ایک سو دس افراد سوار تھے، حادثے کی وجہ اوور لوڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔ حادثے میں زخمی ہونیوالے بچوں کا کہنا ہے کہ بس کی رفتار تیز تھی اور ٹیچر نے ڈرائیور کو رفتار کم کرنے کو کہا لیکن ڈرائیور نے جواب دیا کہ بس کی بریک فیل ہو گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمی بچوں کو تمام تر طبی سہولیات مفت فراہم کرنے کا حکم دیاہے۔

ای پیپر دی نیشن