”ٹولنٹن مارکیٹ اور مچھلی منڈی سبزہ زار منتقل نہیں ہونے دینگے“

Sep 27, 2013

لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی اور حکومت پنجاب کے پبلک افیئرز یونٹ کے رکن مہر اشتیاق احمد انور نے اعلان کیا کہ سبزہ زار سکیم سے ملحقہ سابقہ بکر منڈی کی جگہ پر کسی بھی صورت ٹولنٹن مارکیٹ اور مچھلی منڈی منتقل نہیں ہونے دی جائے گی، سیوریج پائپ لائن کی تنصیب کے دوران اکھاڑی گئی سبزہ زار ڈی بلاک کی تمام سڑکیں ترجیحی بنیادوں پر ازسرنو تعمیر کی جائیں گی اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں سبزہ زار سکیم کو بھرپور نمائندگی دی جائے گی۔ یہ اعلانات انہوں نے گذشتہ روز سبزہ زار ویلفیئر سوسائٹی کے صدر سعید آسی کی اقامت گاہ پر ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ کی تقریب میں خطاب کے دوران کئے۔ تقریب میں میاں مرغوب احمد، ویلفیئر سوسائٹی کے صدر سعید آسی اور دیگر عہدیداروں محمد افضل خاں، محمد ارشد، میاں محمد ریاض، چودھری منظور احمد‘ رانا لطیف‘ معروف صحافی انجم رشید نے بھی خطاب کیا اور علاقے کو درپیش مسائل سے منتخب نمائندوں کو آگاہ کیا۔ سعید آسی نے کہا کہ ہم سلاٹر ہاﺅس اور کیٹل مارکیٹ کو شہر سے باہر منتقل کرانے کے لئے مسلسل دس سال تک عدالتوں میں اور سڑکوں پر جنگ لڑ سکتے ہیں تو اب اس جگہ پر پولٹری اور فش جیسے کسی دوسرے متعفن کاروبار کی بھی مزاحمت کے لئے تیار ہیں۔ مہر اشتیاق اور میاں مرغوب نے انکشاف کیا کہ ڈی سی او لاہور کی جانب سے ٹولنٹن مارکیٹ اور مچھلی منڈی کو پرانی بکرمنڈی والی جگہ پر منتقل کرنے کی تجویز آئی ہے مگر اسے کبھی عملی قالب میں ڈھلنے نہیں دیا جائے گا۔

مزیدخبریں