لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے مصباح الحق کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ٹیسٹ سیریزکی تیاری کے لئے تربیتی کیمپ میں 28 کھلاڑیوں کو طلب کر لیا ہے جن میں شان مسعود، خرم منظور، شعیب مقصود، یونس خان، مصباح الحق، فیصل اقبال، عدنان اکمل، عبدالرحمان، عثمان قادر، جنید خان، راحت علی، وہاب ریاض، احمد شہزاد، محمد حفیظ، اظہر علی، عمر امین، اسد شفیق، عمر اکمل، سرفراز احمد، سعید اجمل، ذوالفقار بابر، یاسر شاہ، اعزاز چیمہ، احسان عادل، احمد جمال، عبدالرحمان، عمران خان، محمد رضوان شامل ہیں۔ اعلان کردہ کھلاڑیوں کے درمیان تین روزہ پریکٹس میچ 2 سے 4 اکتوبر تک کھیلا جائیگا۔ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی قیادت مصباح الحق اور پاکستان اے ٹیم کی جانب سے یہ فریضہ عمر امین انجام دینگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے کھلاڑیوں کے ناموں کو فائنلائز نہ کر سکی جبکہ تنقید سے بچنے کے لئے پاکستان اے ٹیم کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف 8 سے 10 اکتوبر تک کھیلے جانے والے تین روزہ پریکٹس میچ کے لئے پاکستان اے ٹیم کی قیادت عمر امین کو سونپی گئی ہے۔ پاکستان اے 5 اکتوبر کو امارات روانہ ہوگی۔ قومی اے سکواڈ کے کھلاڑیوں میں شان مسعود، احمد شہزاد، اظہر علی، عمر امین (کپتان)، فیصل اقبال، اسد شفیق، احسان عادل، احمد جمال، اکبر الرحمان، عثمان قادر، یاسر شاہ، شعیب مقصود، اعزاز چیمہ، عمران خان اور محمد رضوان (وکٹ کیپر) شامل ہیں۔