سندھ لائسنس کے اجراءپر پابندی غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے پر جائیداد ضبط چودہ سال قید ہو گی

سندھ لائسنس کے اجراءپر پابندی غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے پر جائیداد ضبط چودہ سال قید ہو گی

کراچی (این این آئی) حکومت سندھ نے پورے صوبے میں نئے اسلحہ لائسنسز کے اجرا پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی ہے اور کراچی سے غیر قانونی اسلحہ کی بازیابی کے لےے فوری طور پر مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سیکرٹری سندھ محمد اعجاز چودھری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ، جس میں امن و امان کی صورت حال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رضاکارانہ طور پر غیر قانونی اسلحہ جمع کرانے کے لئے 15 دن کی مہلت دی جائے گی۔ 27 ستمبر سے 11 اکتوبر تک اخبارات اور ٹی وی چینلز پر اشتہاری مہم چلائی جائے گی، لوگوں سے کہا جائے کہ وہ رضاکارانہ طور پر غیر قانونی اسلحہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر یا متعلقہ تھانے میں جمع کرا دیں۔ 11 اکتوبر کے بعد جن لوگوں کے پاس غیر قانونی اسلحہ برآمد ہو گا، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی کم از کم سزا 14 سال اور زیادہ سے زیادہ عمر قید ہو گی جبکہ غیر قانونی اسلحہ کے حامل شخص کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں بھی ضبط کر لی جائیں گی۔ اجلاس میں کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ٹاسک دیا گیا کہ وہ اپنے ضلع کے اسلحہ لائسنسز اور اسلحہ ڈیلرز کا ریکارڈ مرتب کر کے فوری طور پر کمشنر کراچی کے حوالے کریں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اسلحہ لائسنسز کے اجرا کے لئے شفاف طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اسلحہ لائسنسز کی دوبارہ رجسٹریشن ہو گی اور تمام لائسنسز کو کمپیوٹرائز کیا جائے گا۔دریں اثناءمحکمہ داخلہ سندھ نے قانونی اسلحہ رکھنے والے افراد کو 15روز میں اپنا غیرقانونی اسلحہ جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ اس حوالے جمعرات کو محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
اسلحہ لائسنس پابندی / سزا

ای پیپر دی نیشن