پشاور میں میٹرو بس چلانے کیلئے فزیبلٹی رپورٹ تیار کرلی: پرویز خٹک

Sep 27, 2014

نوشہرہ (نوائے و قت رپورٹ+ ثناء نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پشاور میں میٹرو بس چلانے کیلئے فزیبلٹی رپورٹ تیار کر لی گئی۔ ناصر پور سے حیات آباد ریلوے ٹریک پر میٹرو بس ٹریک بچھانے پر 14 ارب ر وپے لاگت آئے گی۔ پنجاب کو ریلوے نے زمین لیز پر دی ہے۔ جی ٹی روڈ پر بھی میٹرو بس ٹریک بچھائیں گے جس پر 45 ارب روپے لاگت آئیگی۔ ثناء نیوز کے مطابق پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہم نے صوبے کے حقوق اور وسائل پر اختیار کی جنگ بھرپور انداز میں شروع کی ہے۔ اپوزیشن کا ہمارے خلاف واویلا نہ صرف غلط اور بے بنیاد ہے بلکہ انکی مایوسی اور بدحواسی کا بھی غماز ہے۔ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں شرکت ضرورکروں گا میٹرو بس کا منصوبہ ریلوے ٹریک پر بنانے کی فیزیبلٹی رپورٹ بن گئی ہے پاکستان ریلوے سے لیز پر زمین لیکر اس منصوبے کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ ریلوے نے پنجاب حکومت کو اجازت دی ہے اسلئے پشاور سے ٹریفک کا دبائو کم کرنے کیلئے ہمیں بھی اجازت دیں گے۔ وہ وزیر اعلی کیمپ آفس میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاو رمیں ٹریفک کا بے تحاشہ اور بے ہنگم دبائو ختم کرنے کیلئے ناصر پور سے کارخانو مارکیٹ حیات آباد تک میٹر و بس منصوبہ شرو ع کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیاہے۔

مزیدخبریں