راولپنڈی (آئی این پی) پاکستان نے زمین سے زمین تک مارکرنے والے حتف 9 نصر میزائل کا کامیاب تجربہ کیا، نَصْر میزائل 60کلومیٹر تک انتہا ئی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے ، "مار اور فرار" کی خصوصی صلاحیت رکھتا ہے، برق رفتار میزائل سسٹم ٹیکنیکل اور آپریشنل سطح پر درپیش تمام خطرات کے خلاف ایک موثر ہتھیار ثابت ہو گا۔ جمعہ کو آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے کم فاصلے کے زمین سے زمین پر مارکرنے والے ملٹی ٹیوب میزائل حتفIX نَصْر کا کامیاب تجربہ کیا ۔ تجربہ میں چارمیزائل ایک جدید ملٹی ٹیوب لانچر سے یکے بعد دیگرے Salvo Mode میں لانچ کئے گئے۔ ایٹمی صلاحیت کا حامل نَصْر میزائل 60کلومیٹر تک انتہا ئی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کے علاوہ "مار اور فرار" کی خصوصی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ یہ برق رفتار میزائل سسٹم ٹیکنیکل اور آپریشنل سطح پر درپیش تمام خطرات کے خلاف ایک موثر ہتھیار ثابت ہو گا۔ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ، ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات، کمانڈر اے ایس ایف سی لیفٹیننٹ جنرل عبید اللہ خان، چیئر مین نیسکام مسٹرمحمد عرفان برنی، سٹرٹیجک فورسز کے سینئر افسران اور سٹرٹیجک اداروںکے سائنسدانوں اور انجینئروں نے اس کامیاب ٹیسٹ فائر کا مظاہرہ دیکھا اور مبارکباد دی۔ انہوں نے تمام متعلقہ افراد کی فنی صلاحیتوں کو سراہا جن کی بدولت تجربہ کامیاب رہا۔ انہوں نے پاکستان کے سٹریٹیجک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور مسلح افواج کی دفاع وطن کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ظاہرکیا۔ میزائل کے کامیاب تجربے کو صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان نے بھی سراہتے ہوئے تمام سائنسدانوں اور مشقوں میں حصہ لینے والوں کو اس شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنیوالے میزائل حتف 9 نصر کا کامیاب تجربہ
Sep 27, 2014