وزیراعظم کی نااہلی: سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما کی درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی

Sep 27, 2014

اسلام آباد + لاہور (نمائندہ نوائے وقت + ایجنسیاں) سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کے چیمبر میں وزیراعظم کی نااہلی کیلئے دائر درخواست سماعت کے منظور کرلی گئی۔ چیف جسٹس ناصر الملک نے تحریک انصاف کے رہنما اسحاق خاکوانی کی نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کیخلاف سانحہ لاہور ماڈل ٹائون کا مقدمہ درج ہونے، فوج کی ساکھ متاثر کرنے اور اسمبلی کے فلور پر غلط بیانی کرنے پر انکی نااہلی کی درخواست رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کردیئے۔ جمعہ کو چیف جسٹس نے اپنے چیمبر میں اسحاق خان خاکوانی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل عرفان قادر نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب سانحہ ماڈل ٹائون میں 14 افراد کے قتل میں ملوث ہیں اور انکے خلاف باقاعدہ مقدمہ قتل درج ہوچکا ہے۔ اس بناء پر اب وہ اپنے عہدوں پر مزید فائز نہیں رہ سکتے، اس لئے انہیں فوری نااہل قرار دیا جائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے قومی اسمبلی کے فلور پر تحریک انصاف اور فوجی قیادت کے درمیان مذاکرات بارے ایسے متضاد بیانات دیئے جس سے فوج کی ساکھ پر حرف آیا۔ اب وہ آئین کے آرٹیکل 62-63 پر پورے نہیں اترتے۔ درخواست گزار کے وکیل عرفان قادر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ تحریک انصاف کی درخواست مان لی گئی ہے۔ درخواست میں وزیر اعظم کو کیس میں فریق بنانے کی بات کی تھی جس پر رجسٹرار نے اعتراض لگائے تھے۔ بی بی سی کے مطابق درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوازشریف اب صادق اور امین کی آئین میں دی گئی تشریح پر پورا نہیں اترتے اسلئے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ سپریم کورٹ کا بنچ پرسوں 29 ستمبر کو سماعت کریگا۔ دوسری جانب ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے بھی وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی ہے جس میں چودھری نثار، طاہر القادری، عمران خان اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ ادھر لاہور ہائیکورٹ میں غیرقانونی طور پر رقم باہر بھجوانے کے الزام کی بنیاد پر وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دینے کیلئے متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔

مزیدخبریں